سرحدی علاقوں میں امن کی بحالی اور دیگر امور پر بات چیت
نئی دہلی :ہندوستان اور چین کے درمیان سرحد کو لیکر تنازعہ جاری ہے۔ اس درمیان جمعرات کو ہندوستانی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے چینی ہم منصب کن گینگ سے دہلی میں جی۔20 وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے موقع پر دو طرفہ ملاقات کی۔ اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران دونوں لیڈروں نے دو طرفہ تعلقات، خصوصاً سرحدی علاقوں میں امن بحالی کو لے کر بات چیت کی۔اس تعلق سے وزیر خارجہ جئے شنکر نے ایک ٹوئٹ بھی کیا ہے۔ اس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ہماری بات چیت دو طرفہ تعلقات، خصوصاً سرحدی علاقوں میں امن کے لیے موجودہ چیلنجز پر تبادلہ خیال کرنے پر مرکوز تھی۔ ہم نے جی۔20 ایجنڈے کے بارے میں بھی بات کی۔‘‘واضح رہے کہ چین کے سابق وزیر خارجہ وانگ ای کے بعد کن گینگ نے گزشتہ دسمبر میں یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔ اس کے بعد یہ گینگ کا پہلا دورۂ ہند ہے اور ساتھ ہی جئے شنکر سے بھی ان کی پہلی ملاقات ہے۔ دونوں لیڈران کے درمیان میٹنگ سے پہلے چین نے کہا تھا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ اپنے رشتوں کو اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط رشتہ ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ چین اور ہندوستان قدیم تہذیبیں ہیں اور دونوں میں ایک ارب سے زیادہ لوگ رہتے ہیں۔ ہم پڑوسی ہیں اور دونوں ابھرتی ہوئی معیشتیں ہیں۔