نئی دہلی 22 جون (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی 6 سے 11 جولائی ہند بحرالکاہل کے تین ممالک انڈونیشیا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے چھ روزہ دورہ پر جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق اس دوران وزیراعظم کی تینوں ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کے دوران بنیادی طور پر علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے موضوعات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ اس دوران کچھ معاہدوں پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے ۔ مسٹر مودی ان ممالک میں مقیم ہندوستانی برادری کے لوگوں سے ملاقات کریں گے اور ان سے خطاب بھی کریں گے ۔ نیوزی لینڈ میں ہندوستانی برادری کے لوگوں کے ساتھ ان کے ایک خصوصی پروگرام میں شرکت کا بھی امکان ہے ۔وزیراعظم کے اس دورہ کو ان تینوں ممالک کے ساتھ حکمت عملی شراکت داری کو مضبوط بنانے ، دوطرفہ تجارت کو بڑھانے اور سمندری سکیورٹی کو مضبوط کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ مودی کا دورہ نیوزی لینڈ گزشتہ تقریباً چار دہائیوں میں کسی ہندوستانی وزیراعظم کا پہلا دورہ ہے ۔ اس سے قبل سابق وزیراعظم راجیو گاندھی 1986 میں نیوزی لینڈ کے دورے پر گئے تھے ۔