تقسیم آندھراپردیش کے وعدوں کو پورا کریں، ریونت ریڈی کا وزیرداخلہ کو کھلا مکتوب
حیدرآباد ۔ 14 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کو کھلا مکتوب روانہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں وزیراعظم نریندر مودی نے تلنگانہ کی جو توہین کی ہے اس پر انہیں تلنگانہ کے عوام سے معذرت خواہی کرنے پر زور دیا۔ اپنے کھلے مکتوب میں ریونت ریڈی نے وزیرداخلہ سے 9 سوالات کئے ہیں اور بتایا گیا ہیکہ کانگریس پارٹی گذشتہ 7 سال سے تلنگانہ حکومت بالخصوص کے سی آر کی بدعنوانیوں کے خلاف آواز اٹھارہی ہے۔ کالیشورم پراجکٹ کی بدعنوانیوں کو منظرعام پر لارہی ہے۔ اس پر مرکزی حکومت کی خاموشی کے پیچھے راز کیا ہے۔ دھان کی خریدی کے مسئلہ پر ٹی آر ایس اور مرکزی حکومتوں کے درمیان جو ڈرامہ بازی ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں کسانوں نے جو خودکشی کی ہے، اس کے ذمہ دار کون ہیں۔ کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کے جذبات اور نوجوانوں کی خودکشی کو دیکھتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے۔ تاہم وزیراعظم نریندر مودی نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل پر جن نازیبا الفاظ کا استعمال کیا ہے، اس سے تلنگانہ عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ وزیرداخلہ اس پر تلنگانہ عوام سے معذرت خواہی کریں۔ نظام آباد میں ہلدی بورڈ قائم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے انحراف کیا گیا اس کی وضاحت کریں۔ تقسیم آندھراپردیش کے بل میں تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے ہیں انہیں پورا کریں۔ن