وزیراعظم مودی کا طوفانی دورہ تلنگانہ16 ، 18 ، 19 مارچ کو بی جے پی کے تین انتخابی جلسوں سے خطاب

   

حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : وزیراعظم نریندر مودی 16 ، 18 اور 19 مارچ کو تلنگانہ میں انتخابی مہم چلائیں گے ۔ بی جے پی قائدین کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ انتخابی شیڈول کی اجرائی سے قبل بی جے پی کی قومی قیادت انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے ۔ تاحال تلنگانہ میں 17 کے منجملہ 15 پارلیمانی حلقوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ مزید دو حلقوں کے امیدواروں کا اعلان باقی ہے ۔ واضح رہے کہ 4 اور 5 مارچ کو وزیراعظم نریندر مودی عادل آباد اور سنگاریڈی میں بی جے پی کے جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے حکمران کانگریس اور اصل اپوزیشن بی آر ایس کو شدید تنقید کانشانہ بنایا تھا ۔ بتایا جارہا ہے کہ مارچ کے تیسرے ہفتہ میں لوک سبھا انتخابات کے لیے شیڈول جاری ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔ اس سے قبل پھر ایک مرتبہ وزیراعظم نریندر مودی تلنگانہ کا دورہ کررہے ہیں ۔ بی جے پی کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مودی 15 تا 19 مارچ تک جنوبی ہند کا دورہ کررہے ہیں جس میں تین دن تلنگانہ میں جگتیال ، پداپلی اور ناگر کرنول میں بی جے پی کے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کریں گے ۔ ان تینوں مقامات پر منعقد ہونے والے جلسوں میں پڑوسی لوک سبھا حلقوں پر اثر انداز ہونے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ بی جے پی کے قائدین چنتالہ رامچندرا ریڈی ، ڈاکٹر ایس پرکاش ریڈی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اصل مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہے ۔ بی آر ایس دوڑ میں نہیں ہے ۔ کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ اس لیے عوام اس مرتبہ بی جے پی کو زیادہ سے زیادہ لوک سبھا حلقوں پر کامیاب بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔۔ 2