ٹرپل آئی ٹی میں طالب علم کی موت پر احتجاج
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کی جانب سے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کی قیامگاہ کے گھیراؤ کی کوشش کی گئی۔ باسر کے ٹرپل آئی ٹی میں سمیت غذا سے ایک طالب علم کی موت کے خلاف احتجاج منظم کیا گیا ۔ این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ کی قیادت میں کارکنوں نے چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے خلاف نعرہ بازی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرپل آئی ٹی طلبہ کے احتجاج کو نظر انداز کرنے کے نتیجہ میں طالب علم کی موت واقع ہوئی ہے۔ ناقص غذا کی سربراہی کے خلاف طلبہ نے کئی دن تک احتجاج کیا اور وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے طلبہ کو مسائل حل کرنے کا تیقن دیا تھا۔ چیف منسٹر کو طلبہ کا قاتل اور وزیر تعلیم کو وعدہ سے انحراف کرنے والے قائد جیسے پوسٹرس لگائے گئے تھے۔ پولیس نے این ایس یو آئی کارکنوں کو وزیر تعلیم کی قیامگاہ میں داخل ہونے سے روک لیا اور حراست میں لے لیا۔ گرفتار شدگان کو گوشہ محل پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ اس موقع پر این ایس یو آئی کے صدر وینکٹ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے طلبہ اور نوجوانوں کے مسائل کو نظر انداز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناقص غذا سربراہ کرنے والے کنٹراکٹر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ سمیت غذا سے کئی طلبہ متاثر ہوئے تھے اور علاج کے دوران ایک طالب علم کی موت واقع ہوگئی ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ٹرپل آئی ٹی کے مسائل کے حل تک احتجاج جاری رہے گا۔ ر