وسط مدتی الیکشن سے قبل ٹرمپ کے قریبی ساتھی کو قید و جرمانہ

   

واشنگٹن: امریکہ میں مڈٹرم الیکشن سے قبل سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک قریبی ساتھی کو سزا مل گئی۔امریکی میڈیا کے مطابق مڈٹرم الیکشن کے قریب سابق صدر ٹرمپ کے ساتھی اور مشیر اسٹیو بینن کو کانگریس کی توہین کے جرم میں 4 ماہ قید اور ساڑھے 6 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔ ٹرمپ کے مشیر اسٹیو بینن نے طلبی کے لیے جاری سمن کی حکم عدولی کی تھی اور اسٹیو بینن کیپٹل حملے کے لیے قائم تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔ سابق صدر ٹرمپ کو بھی ایوان نمائندگان کی تحقیقاتی کمیٹی نے سمن جاری کر دیا ہے۔واضح رہے کہ ٹرمپ پر گزشتہ سال 6 جنوری کو کانگریس پر حملے کے لیے کارکنو ں کو اکسانے کا الزام ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں ری پبلکن رہنما ساجد تارڑ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے ساتھیوں کو انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے۔