وقف بورڈ صدرنشین سید عظمت اللہ حسینی نے جائزہ حاصل کرلیا

   

حیدرآباد۔21فروری(سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے آج اپنے عہدہ کا جائزہ لیتے ہوئے وقف بورڈ کے امور کے متعلق آگہی حاصل کی ۔ حج ہاؤز میں موجود تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے دفتر میں صدرنشین وقف بورڈ کے جائزہ لینے کے بعد ان سے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد دینے والوں میں ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیرفینانس ملو بھٹی وکرمارک ‘ ارکان اسمبلی جی ویویک‘ جی ونود‘ راجندرریڈی ‘ ارکان قانون ساز کونسل مہیش کمار گوڑ ‘ بی وینکٹ ‘ محمد علی شبیر مشیر ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی و اقلیت برائے ریاستی حکومت‘ سمپت کمار‘ فہیم قریشی ‘سریکانت‘جناب خلیق الرحمن‘ فیروز خان‘ ایس کے افضل الدین ‘ عثمان محمد خان کے علاوہ سینکڑوں کانگریس قائدین شامل ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ کے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد سید عظمت اللہ حسینی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے انہیں جو ذمہ داری دی گئی ہے وہ اسے پورا کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں موجود اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے علاوہ وقف بورڈ کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں خدمات انجام دیں گے۔ سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے صدرنشین کی حیثیت سے جائزہ لینے کے بعد انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ طویل عرصہ سے حل طلب مسائل کی فہرست تیار کریں تاکہ ان کا جائزہ لینے کے بعد ترجیحی بنیادوں پر مسائل کی یکسوئی کی منصوبہ بندی کی جاسکے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے روزانہ دفتر میں دستیاب رہیں گے اور وقف بورڈ میں حالات کو بہتر بنانے کیلئے میکانزم کو درست کیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ اوقافی جائیدادوں کے متعلق عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی یکسوئی کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جائے گی اس کے علاوہ دیگر امور کو قطعیت دینے کیلئے تمام اراکین وقف بورڈ سے مشاورت کے بعد اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی تلنگانہ کی موقوفہ جائیدادوں کے تحفظ اور بورڈ کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے اصلاحات کے متعلق سنجیدہ ہیں ۔3