وقف جائیدادوں کو ممنوعہ فہرست میں برقرار رکھنے کی مساعی کا آغاز

   

موقوفہ املاک کی فہرست کی تیاری ۔ انسپکٹرس ‘ آڈیٹرس کو احکام۔ عظمت اللہ حسینی کا بیان
حیدرآباد 25 اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ 22-A میں محفوظ اپنی جائیدادوں کے تحفظ کے اقدامات شروع کرچکا ہے اور جلد تمام ان جائیدادوں کو جو 22-A کی ممنوعہ فہرست میں درج ہیں ان کی تفصیلات محکمہ مال کے حوالہ کرکے انہیں ممنوعہ فہرست میں برقرار رکھنے کی خواہش کی جائے گی ۔صدرنشین وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ وقف بورڈ نے اپنی محفوظ جائیدادوں کی فہرست کی تیاری اور ان جائیدادوں کو ممنوعہ فہرست میں برقرا ررکھنے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاست کے تمام انسپکٹرآڈیٹرس اور متعلقہ عہدیداروں کو اس کام کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اوریومیہ کارکردگی کی رپورٹ حاصل کی جارہی ہے تاکہ حکومت کے منصوبہ پر عمل کے دوران کسی وقف جائیداد کو نقصان سے محفوظ رکھا جاسکے۔جناب سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ حکومت نے 22-A کے تحت جائیدادوں کے مسائل کے حل کا اعلان کیا ہے لیکن ان جائیدادوں میں موقوفہ جائیدادیں بھی شامل ہیں اسی لئے وقف بورڈ نے اپنے موقف کو حکومت اور محکمہ مال کو پیش کرکے جائیدادوں کے تحفظ کے اقدامات شروع کردیئے ہیں تاکہ کوئی قابض ’موقوفہ‘‘ جائیداد پر دعویٰ پیش نہ کرسکے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اضلاع اور متحدہ اضلاع کے وقف ریکارڈس کی تنقیح کے ذریعہ ان جائیدادوں کو محفوظ زمرہ کی جائیدادوں میں شامل کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور جن جائیدادوں کو ممنوعہ فہرست میں شامل کیا جاچکا ہے ان کے ریکارڈ کو اپ گریڈ کرکے ویب سائٹ بالخصوص محکمہ مال اور ’بھوبھارتی ‘ پر اپ لوڈ کروانے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔جناب سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ ریاست میں کسی بھی موقوفہ جائیداد کو 22-A سے خارج کرنے کی کوشش کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا اور نہ اس منصوبہ کے دوران کسی وقف جائیداد کے رجسٹریشن کی راہ ہموار کی جائے گی۔3/k/b