ووٹ دینے کے لیے این آر آیز کی وطن واپسی

   

حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شہر میں کم رائے دہی کے باوجود کئی این آر آیز اور دوسری ریاستوں میں مقیم تلنگانہ کے متوطن افراد نے پیر کو لوک سبھا انتخابات میں ان کے حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کے لیے حیدرآباد کا سفر کیا ۔ اس سلسلہ میں امریکہ ، لندن ، عمان ، سنگاپور میں مقیم این آر آیز نے ہندوستان کے مختلف مقامات کا سفر کیا ۔ واشنگٹن ڈی سی میں مقیم ایڈوکیٹ ، ویشوکلاولا نے کہا کہ ’ حیدرآباد آنے کا میرا اصل مقصد میرے ووٹ کا استعمال کرنا ہے ۔ میں ہر چناؤ بشمول اسمبلی انتخابات کے لیے یہ سفر کرتا ہوں ۔ جمہوری عمل میں حصہ لینے کے لیے وطن واپس ہونا میری ذمہ داری ہے ‘ ۔ اسی طرح لندن میں مقیم ایک آئی ٹی ملازم ، اسپورتھی نے ، جس نے ووٹ دینے کے لیے خصوصی طور پر حیدرآباد کا سفر کیا ہے کہا کہ ’ میں ہندوستانی ہوں ، لہذا میں اپنی ذمہ داری کو ٹال نہیں سکتی ہوں ۔ میں نے کام سے رخصت لی اور میرے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے میری ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے شہر کا سفر کیا ہے ‘ ۔ آئی ٹی کے ایک ملازم رمن جیت سنگھ نے کہا کہ ’ دو مہینوں سے پونے میں پوسٹنگ ہونے کے باوجود میں نے یہاں آکر اپنا ووٹ استعمال کیا ہے کیوں کہ ہر ووٹ کا شمار ہوتا ہے اور اس کی اہمیت ہوتی ہے ‘ ۔۔