ووٹر لسٹ میں نام کے اندراج کو یقینی بنانے پر زور

   

سرحدی اضلاع کے خاندانوں میں زمین کے دستاویز کی تقسیم ‘ ممتا بنرجی کا خطاب

کولکاتا: چیف منسٹر مغربی بنگال ٰ ممتا بنرجی نے سی اے اے کے نفاذ کے حوالہ سے ملک بھر میں جاری ہنگامہ آرائی کے درمیان آج پھر اس معاملہ پر اہم بیان دیا ہے۔ انہوں نے چہارشنبہ کو کہا کہ این آر سی نافذ کرنے کی آڑ میں حراستی مرکز میں بھیجے جانے سے بچنے کے لئے یہ یقینی بنائیں کہ آپ کا نام ووٹر لسٹ میں موجود رہے۔ٰ ممتا بنرجی ریاستی حکومت کی جانب سے تمام اضلاع کے سرحدی خاندانوں کو زمین کے پٹے (دستاویز) تقسیم کرنے کے لئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب کے دوران انہوں نے 4701 زمین کے دستاویزات حوالے کئے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ یقینی بنائیں کہ آپ کا نام فہرست رائے دہندگان میں شامل ہے، نہیں تو آپ کو این آر سی کے نام پر ڈیٹنشن سینٹر بھیج دیا جائے گا۔ممتا بنرجی نے مرکز پر منریگا کی رقم ادا نہ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے بی جے پی کا نام لیے بغیر کہا کہ مرکزی حکومت پارٹی کے اشارے پر کام کر رہی ہے۔ ریلوے اور ہوائی اڈے کے حکام کی طرف سے زبردستی زمین کے حصول کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنگال میں مناسب معاوضہ اور بحالی کے بغیر کسی کو بے دخلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تقریب میں انہوں نے عوام سے احتجاج شروع کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کی زمین زبردستی چھینی گئی تو ریاست آپ کے ساتھ ہوگی۔