اسلام آباد : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ہندوستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کو اہم مشورہ دے دیا۔روہیت شرما کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا کپتان مقرر کرنے پر شاہد آفریدی نے بی سی سی آئی کے فیصلے کی تعریف کی اور انکشاف کیا کہ انہیں اس طرح کے اعلان کی توقع تھی۔ شاہد آفریدی نے ایک نجی خبر رساں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’روہیت شرما کی ذہنیت انہیں ایک شاندار کھلاڑی بناتی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ دھواں دار بلے باز جہاں ضرورت ہو آرام سے رہتا ہے اور ضرورت پڑنے پر جارحیت کا مظاہرہ کرتا ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ ’میں نے روہیت شرما کے ساتھ ایک سال تک کھیلا ہے وہ شاندار شاٹ سلیکشن کے ساتھ ایک شاندار کھلاڑی ہیں۔دریں اثناء، شاہد آفریدی کو یہ بھی لگتا ہے کہ ویرات کوہلی کو تمام فارمیٹس میں کپتانی چھوڑ کر اپنی بیٹنگ پر توجہ دینی چاہیے۔شاہد آفریدی نے کوہلی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں ویرات کوہلی کو صرف ایک کھلاڑی کے طور پر اپنا کیرئیر جاری رکھنے کا فیصلہ لینا چاہیے کیونکہ اس طرح اُن پر پریشر کم ہوگا۔‘اُنہوں نے کہا کہ ’ویرات کوہلی اپنی کرکٹ اور بلے بازی سے لطف اندوز ہوں گے کیونکہ کسی ٹیم کی کپتانی کرنا آسان نہیں ہے، خاص کر ہندوستان اور پاکستان جیسے ممالک میں۔‘واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے ہندوستان کے باہر ہونے کے بعد ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔