ویسٹ انڈیز ٹیم ہندوستان پہنچ گئی

   

احمد آباد ۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم جس کی قیادت شاندار آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کر رہے ہیں، میزبان ہندوستان کے خلاف وائٹ بال سیریز میں شرکت کے لئے چہارشنبہ کی صبح احمد آباد پہنچ گئی۔مہمان کھلاڑی اب پریکٹس سیشن کے لیے میدان میں اترنے سے پہلے تین دن کے قرنطینہ کی مدت پوری کریں گے۔کرکٹ ویسٹ انڈیز کے آفیشل ہینڈل نے ٹویٹ کیا،بارباڈوس سے دو دن کے طویل سفر کے بعدویسٹ انڈیز کی ٹیم ہندوستان پہنچ گئی ہے ۔ ایک اور ٹویٹ میں سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ایرپورٹ پر ٹیم کے پہنچنے کا ویڈیو ہے۔6 فروری سے شروع ہونے والے3 ونڈے سیریز میں کھیلنے کے لیے مہمام ٹیم تیار ہے ، یہ سطور بھی درج ہے ۔ ویسٹ انڈیز اور ہندوستان کے درمیان وائٹ بال سیریز کا آغاز 6 فروری سے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پہلے مقابلے سے ہوگا۔ اس کے بعد 16 فروری سے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔ گجرات کرکٹ اسوسی ایشن نے کہا تھا کہ ملک میں کورونا کی صورتحال کی وجہ سے ونڈے سیریز بند دروازوں کے پیچھے کھیلی جائے گی۔حکام نے کہا ہے کہ ہم ویسٹ انڈیز ٹور آف انڈیا ونڈے سیریز 2022 کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ 6 فروری کو پہلا ونڈے ایک بہت ہی خاص اور تاریخی میچ ہوگا کیونکہ ہندوستان اپنا 1000 واں ونڈے کھیلے گا۔ ہندوستانی ٹیم دنیا کی پہلی کرکٹ ٹیم ہو گی جو یہ سنگ میل عبور کرے گی۔