ویمن امپاورمنٹ پر حیدرآباد میں پنک پاؤر رن کا اہتمام

   

وزیر سیتکا، سی وی آنند اور امریکی کونسل جنرل لارا ولیمس نے دوڑ میں حصہ لیا
حیدرآباد۔ 27 ستمبر (سیاست نیوز) ویمن امپاورمنٹ اور بریسٹ کینسر کے بارے میں شعور بیداری کے لئے میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹیڈ نے سدھا ریڈی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے حسین ساگر کے نکلیس روڈ پر پنک پاؤر رن کے تیسرے مرحلہ کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس رن میں 35 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی جن کا تعلق سماج کے مختلف طبقات سے ہے۔ پنک پاؤر رن کے تحت مختلف زمروں میں دوڑ کا اہتمام کیا گیا۔ 21 کیلو میٹر ہاف میراتھن کے علاوہ 10، 5 اور 3 کیلو میٹر رن کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا، ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند، مینجنگ ڈائرکٹر میل گروپ پی وی کرشنا ریڈی، سدھا ریڈی فاؤنڈیشن کے بانی سدھا ریڈی حیدرآباد میں امریکی کونسل جنرل لارا ولیمس اور دیگر اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔ سابق مس ورلڈ تھائی لینڈ اوپل سوچاتا، باکسر وجیندر سنگھ، فلم ایکٹر سدھو اور میوزک ڈائرکٹر ایس تھمن کے علاوہ مختلف شعبہ جات سے وابستہ اہم شخصیتوں نے اس دور میں حصہ لیتے ہوئے خواتین کے امراض کے بارے میں شعور بیداری پر زور دیا۔ امریکہ، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، ایتھوپیا، یوگانڈا، سری لنکا، طنزانیہ، کینیا اور کینیڈا جیسے ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی دوڑ میں شرکت کی۔ مختلف زمرہ جات میں کامیابی حاصل کرنے والے افراد میں میڈلس اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ 75 لاکھ روپے مالیت کے انعامات تقسیم کئے گئے۔ امریکی کونسل جنرل لارا ولیمس نے 10k رن میں حصہ لیا۔ وزیر پنچایت راج نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کے ذریعہ امراض کے بارے میں شعور بیداری میں مدد ملے گی۔ انہوں نے پنک رن کے منتظمین کی ستائش کی۔ 1؍F