کوئنس ٹاؤن : نیوزی لینڈ کی ویمنس کرکٹ ٹیم نے اوپنر سوزی بیٹس کی شاندار سنچری اور جیس کیر کی خطرناک گیندبازی کی مدد سے ہفتہ کے روز یہاں پہلے ونڈے میں ہندوستان کو یکطرفہ مقابلے میں 62 رنز سے شکست دی۔ اس کے ساتھ میزبان نے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ ٹاس ہارنے کے بعد بلے بازی کرنے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے تجربہ کار سوزی کی سنچری اور ایمی سیٹرتھویٹ کی نصف سنچری کے بل بوتے پر 48.1 اوورز میں سبھی 10 وکٹوں کے نقصان پر 275 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔ جواب میں ٹیم انڈیا نیوزی لینڈ کے گیندبازوں کے سامنے 49.4 اوور میں 213 رنز پر سمٹ گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے سوزی نے 111 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے جبکہ سیٹرتھ ویٹ 63 رنز بنائے ۔ تیز گیند باز جیس کیر نے 9.4 اوورز میں 35 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کئے۔ سوزی کو ’پلیئر آف دی میچ’قرار دیا گیا۔ ہندوستانی کپتان میتھالی راج اور یستیکا بھاٹیہ کے علاوہ کوئی اور کچھ خاص اسکور نہیں کرسکی۔ میتھالی نے 59 اور یاستیکا نے 41رنز بنائے ۔