نئی دہلی : ریاست تمل ناڈو کے کڈلور ضلع میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ ترچی چینائی قومی شاہراہ پر ویپور میں منگل کی صبح 6 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ جس کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی موت ہوگئی۔ دو پرائیویٹ بسیں، دو لاریاں اور دو کاریں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثہ میں کار میں سوار پانچ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ مرنے والوں کی تفصیلات نامعلوم ہیں۔ حادثہ میں کار کو بری طرح نقصان پہنچا اور کار ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی جس میں نعشیں پھنس گئیں۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم کی مدد سے نعشوں کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔ تاہم کار کی آر سی بک کے مطابق مرنے والوں کا تعلق ننگنالور، چینائی سے ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔