واشنگٹن، 4 جولائی (یو این آئی)امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے خود کو نوبیل انعام کا بہترین امیدوار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں 5 ممالک کے درمیان جنگیں رکوائیں، ایٹمی ہتھیاروں سے لیس پاکستان اور ہندوستان کو جنگ سے روکا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اگلی صدارتی مدت کے لیے قانون میں تبدیلی کا بھی اشارہ دیتے ہوئے مزید 4 سال کے لیے صدر بننے کا ارادہ بھی ظاہر کردیا۔ریاست آئیوا میں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے دنیا میں 5 ممالک جنگیں رکوانے کا دعویٰ کیا، امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں، ایٹمی جنگ ہونے سے پہلے پاکستان اور ہندوستان میں سیزفائر کرایا،کانگو اور روانڈا، کوسوو اور سربیا کو لڑنے سے روکا۔صدر ٹرمپ نے خود کو نوبیل انعام کا بہترین امیدوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوبیل انعام کسی ایسے اسکول پروفیسر کو مل جائے گا جس کو لوگ جانتے بھی نہیں ہوں گے ۔امریکی صدر نے یہ دعویٰ بھی دہرایا کہ امریکی طیاروں نے 37 گھنٹے پرواز کرکے ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا اور انہیں صفحہ ہستی سے مٹادیا ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ امریکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈیپورٹیشن پروگرام شروع کردیا ہے ، امریکہ میں غیر قانونی طور پر داخلہ مکمل طور پر بند کردیں گے ، انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ماہ کوئی بھی شخص غیرقانونی طریقے سے امریکہ میں داخل نہیں ہوا جبکہ بائیڈن دور میں لاکھوں جرائم پیشہ افراد غیرقانونی طور پر داخل ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ بگ بیوٹی فل بل امریکہ کو پھر سے عظیم بنائے گا، بل میں امریکی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس کٹ شامل ہے اور سوشل سیکیورٹی پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔