ٹسٹ کپتان روٹ ٹی20 ٹیم میں شمولیت کے خواہاں

   

نئی دہلی : انگلینڈ کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان جیوروٹ رواں برس منعقد شدنی ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم میں شمولیت کے خواہاں ہیں ۔ حالانکہ وہ طویل طرز کی کرکٹ میں انگلینڈ کے چند بہترین بیٹسمینوں میں سے ہے ۔ ہندوستان کیخلاف جمعہ کو شروع ہونے والے ٹسٹ میں روٹ انگلینڈ کی 100ویں مرتبہ نمائندگی کریں گے اور وہ 100واں ٹسٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوں گے ۔ روٹ کی اس وقت توجہ ہندوستان کے خلاف مجوزہ چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز پر ہے جب کہ تیکنیکی اعتبار سے وہ بہترین بیٹسمینوں میں شمار کئے جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود آسٹریلیا کے خلاف گھریلو ٹسٹ سیریز میں انہیں ٹیم کی نمائندگی کا موقع نہیں دیا گیا تھا ۔ روٹ نے بی سی سی آئی کے ٹسٹ میچ اسپیشل کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے سب سے اہم یہ چیز ہے کہ انگلینڈ کیلئے ایک طاقتور ٹیم ہو جو خطاب جیتنے کیلئے پسندیدہ موقف میں ہو ۔ روٹ نے کہا کہ ان کی پہلی خواہش ٹی 20ورلڈ کپ میں ٹیم کا رکن بننا ہے اور اگر ایسا نہیں ہوا تو وہ ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ضرور کریں گے جو ٹیم کی نمائندگی کریں گے ۔ 30سالہ روٹ جنہیں عصرحاضر کے بہترین ٹسٹ بیٹسمینوں میںشمار کیا جاتا ہے جنہوں نے 32ٹی20 مقابلوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 893 رنز اسکور کئے ہیں جس میں پانچ نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ۔ اس دوران انہوں نے 126.3 کی اوسط سے رنز بھی بنائے ہیں ۔