ٹی ایس پرائیویٹ یونیورسٹیز ایکٹ میں ترمیم

   

خانگی یونیورسٹی کیمپیس کے قیام کیلئے راہ ہموار، ایروسٹی میں امیٹی یونیورسٹی کیمپس
حیدرآباد ۔ 23 اپریل (سیاست نیوز) محکمہ اعلیٰ تعلیم نے تلنگانہ اسٹیٹ پرائیویٹ یونیورسٹیز (اسٹابلشمنٹ اینڈ ریگولیشنس) ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے ریاست میں پرائیویٹ یونیورسٹیز کے قیام کو بڑھاوا دینے کی کاوشوں کو تیز کردیا ہے۔ محکمہ کی جانب سے حکومت سے درخواست کی گئی ہیکہ جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ لمیٹیڈ کے معاملہ میں اراضی لیز سے متعلق قواعد میں نرمی پیدا کرنے پر غور کیا جائے تاکہ خانگی یونیورسٹیز کے قیام کیلئے راہموار ہو۔ اس کے بعد امیٹی یونیورسٹی اور جی ایم آر حیدرآباد ایروٹروپولس لمیٹیڈ کے درمیان ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے جو حیدرآباد ایروسٹی میں اس کا کیمپس قائم کرنے سے متعلق ہے۔ کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری نے بھی ایروسٹی میں ایک یونیورسٹی قائم کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ کابینہ کے ایک اجلاس کے دوران جب یہ مسئلہ پیش کیا گیا تو اس پر مثبت انداز میں غور کیا گیا اور قواعد میں ترمیم کی گئی جس سے 90 سال کے بجائے 33 سال کیلئے اراضی کو لیز پر دینے کی راہ ہموار ہوئی۔ ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ’’اراضی لیز کی ہر 33 سال میں تجدید کی جاسکتی ہے نہ کہ 90 سال میں۔ جیسا کہ قانون میں لازمی ہے۔ اس قانون کا قاعدہ 3(1) یہاں خانگی یونیورسٹیز کیلئے ان کیمپسیس قائم کرنے میں ایک رکاوٹ بن گیا تھا اس لئے ہم نے اس میں ترمیم کی ہے‘‘۔