ٹی پی ایس سی صدرنشین کیلئے ایم مہیندر ریڈی کے نام کو قطعیت

   

حیدرآباد۔23جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے صدرنشین کیلئے سابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایم مہندرریڈی کے نام کو قطعیت دے دی ہے! حکومت کی جانب سے منظوری کیلئے گورنر کو نام روانہ کئے جانے کی اطلاعات ہیں ۔ دیگر اراکین تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے لئے ابھی درخواستوں کی تنقیح کا عمل جاری ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے طلب کردہ درخواستوں کے بعد 600 سے زائد درخواستیں صدرنشین و اراکین تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے لئے موصول ہونے کی اطلاعات تھیں جبکہ عہدیداروں نے بتایا کہ جملہ 371 درخواستیں موصول ہوئی ہیںجن میں صدرنشین کے لئے داخل کی گئی درخواستوں کی تنقیح کے بعدحکومت کی جانب سے ایم مہندر ریڈی کے نام کو قطعیت دیتے ہوئے گورنر کو روانہ کیا جاچکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جملہ 371 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن میں 50 درخواستیں صدرنشین تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے لئے داخل کی گئی تھیں جن کی سرچ کمیٹی کی جانب سے تنقیح کے بعد ایم مہندر ریڈی کے نام کو قطعیت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ مسز سانتھی کماری آئی اے ایس کی نگرانی میں تشکیل دی گئی سرچ کمیٹی نے دیگر اراکین سے مشاورت کے بعد یہ نام گورنر کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔3