ٹورنٹو : کینیڈا کے وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ کینیڈا اور امریکہ کے درمیان بڑی تجارتی جنگ کسی بھی وقت چھڑسکتی ہے۔ جسٹن ٹروڈو نے ایک بیان میں کہا کہ اگر امریکہ میں ٹرمپ انتظامیہ نے کینیڈا کی برآمدات کے خلاف کوئی اقدام کیا تو بھرپور جوابی کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ انتخابی مہم کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ تجارت کے حوالے سے کسی بھی ملک کے دباؤ میں نہیں آئیں گے اور اگر ضروری ہوا تو تجارتی جنگ سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کینیڈا اور ہندوستان کی برآمدات پر درآمدی ڈیوٹی میں اضافے کا عندیہ دیا تھا۔ کینیڈا کے وزیرِاعظم نے ٹرمپ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکہ سے ٹیرف کی جنگ لڑنی پڑی تو کینیڈا پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انڈیا ٹوڈے نے مغربی میڈیا کی رپورٹس کے حوالے سے بتایا ہے کہ کینیڈا نے بھی امریکی مصنوعات پر کم و بیش 37 ارب ڈالر کے ٹیرف لگانے کی تیاری کر رکھی ہے۔ وزیرِاعظم ٹروڈو اس معاملہ میں پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ گرین لینڈ پر قبضے کی دھمکی دینے کے بعد ٹرمپ کو ڈنمارک اور دیگر اسکینڈینیوین ممالک کے ساتھ ساتھ کینیڈا کی طرف سے بھی شدید ردِعمل کا سامنا ہے۔