پائیدار معاہدہ دھمکیوںپر ممکن نہیں: ایرانی سفیر

   

نیویارک : 11جون ( یو این آئی ) اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر امیرسعید ایروانی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ پائیدار معاہدہ دھمکیوں، دباؤ یا طاقت کے استعمال سے ممکن نہیں۔ایک بیان میں ایرانی سفیر امیرسعید ایروانی نے کہا کہ ایران نے کبھی دھمکیوں کے تحت مذاکرات نہیں کیے اور ایران کبھی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کے ساتھ پائیدار معاہدہ دھمکیوں، دباؤ یا طاقت کے استعمال سے ممکن نہیں ہے۔دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ جنگ ایران کے مفاد میں نہیں ہے لیکن دھمکیوں سے جھکنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، دشمن کا یہ خواب ہیکہ ایران بیرونی جارحیت کے سامنے جھک جائیگا۔

امریکہ کی ایران کی 9 شخصیات اور اداروں پر پابندی
واشنگٹن : 11 جون ( یو این آئی ) امریکہ نے ایران کی 9 شخصیات اور اداروں پر پابندیاں عائد کردیں۔امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیاں ایرانی وزارت دفاع، پاسداران انقلاب اورایرانی افواج کو اسلحہ خریداری میں معاونت پر عائد کی گئیں۔امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ ایران کو ہتھیاروں کی فراہمی میں معاونت کرنے والے نیٹ ورکس کیخلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’ایران کی فوج مکمل طور پر تباہ و برباد ہو چکی ہے، اس کے بہت سے حصے، جیسے بحریہ اور فضائیہ، اب عملاً موجود ہی نہیں رہے، انہیں مکمل طور پر شکست دی جا چکی ہے‘۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’ایران نے ایسے معاہدے پر مذاکرات کرنے میں بہت زیادہ دیر کردی جو ان کے لیے بہترین ثابت ہو سکتا تھا، اب انہیں اس کی قیمت چکانا پڑے گی‘۔