بی جے پی ملک سے معذرت خواہی کرے: ہنمنت راؤ
حیدرآباد ۔21۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے اپوزیشن کے 148 ارکان کی معطلی کو جمہوریت کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ بی جے پی اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ انڈیا اتحاد سے بی جے پی خوفزدہ ہے اور ملک سے معذرت خواہی کرنے کے بجائے بی جے پی حکومت اپوزیشن کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔ 13 ڈسمبر کو پارلیمنٹ میں اشرار نے گھس کر جو کارروائی کی ہے، اس کے بارے میں وزیر داخلہ امیت شاہ کو پارلیمنٹ میں بیان دینا چاہئے تھا ۔ میسور کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی سفارش پر حملہ آوروں کو پارلیمنٹ کے پاس جاری کئے گئے تھے لیکن آج تک رکن پارلیمنٹ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے سیکوریٹی کوتاہی کے بارے میں سوال کرنے پر 148 ارکان پارلیمنٹ کو معطل کرنا ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی پارلیمنٹ میں بی جے پی نئے اصول اور طریقے اختیار کر رہی ہے۔ عوامی مسائل کو فراموش کرتے ہوئے اپوزیشن کو نشانہ بنانا جمہوریت کیلئے ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ سے توجہ ہٹانے کیلئے نائب صدر جمہوریہ کی توہین کا مسئلہ پیش کیا گیا۔