چیوڑلہ اور ظہیرآباد لوک سبھا حلقہ جات کا اجلاس، میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ کی شرکت
حیدرآباد۔/18 اپریل، ( سیاست نیوز) اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن نے آج چیوڑلہ اور ظہیرآباد لوک سبھا حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے پارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمارگوڑ، اے آئی سی سی سکریٹریز وشنو ناتھ، وشوا ناتھن، ریاستی وزیر دامودھر راج نرسمہا، حکومت کے مشیر محمد علی شبیر، سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی اور عوامی نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ میناکشی نٹراجن نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے میں اہم رول ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور پارٹی کے درمیان بہتر تال میل کیلئے وہ مساعی کریں گی تاکہ مقامی کانگریس قائدین کی شکایات کی یکسوئی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی کارکنوں کو پارٹی اور حکومت میں عہدے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری اور مجالس مقامی کے انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کی بنیاد پر ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ انہوں نے قائدین سے کہا کہ وہ ڈسپلن برقرار رکھیں اور پارٹی اور حکومت کے امور پر میڈیا میں اظہار خیال سے گریز کریں۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس حکومت ترقی اور فلاح و بہبود کے ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قائدین پارٹی حدود سے تجاوز کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات کو گھر گھر پہنچانا قائدین کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی سی تحفظات، ایس سی زمرہ بندی، باریک چاول کی سربراہی اور بھوبھارتی قانون کے بارے میں عوام میں شعور بیداری پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی اسکیمات ملک میں منفرد ہیں۔ جئے بھیم، جئے باپو اور جئے سمویدھان مہم کے تحت پارلیمانی حلقہ جات میں پروگرامس منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی۔ قائدین نے کہا کہ چیوڑلہ اور ظہیرآباد لوک سبھا حلقہ جات میں کانگریس پارٹی کا موقف مستحکم ہے۔ انہوں نے عوام تک رسائی کیلئے حکومت اور پارٹی کے درمیان بہتر تال میل کا مشورہ دیا۔1