پاکستان پر 44 رنز کی سبقت کے بعد بنگلادیش 39/4

   

چٹگانگ ٹسٹ میں بابر کی بیٹنگ لائن اپ 146/0 سے 286 آل آؤٹ ۔ شاہین آفریدی (3/6) نے اُمید جگائی

چٹگانگ : پہلے ٹسٹ کے آج تیسرے روز بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز بنائے اور اس کے ساتھ میزبانوں کی مجموعی برتری 83 رنز ہو گئی ہے۔ چٹگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا احیاء کیا تو عابد علی 93 اور عبداللہ شفیق 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ تاہم کھیل کے پہلے ہی اوور میں تاج الاسلام نے پہلے عبداللہ شفیق کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر اظہر علی کو بھی گولڈن ڈک پر پویلین کی راہ دکھا دی۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم بھی 10 رنز بنا کر مہدی حسن مرزا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ عابد علی نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی سنچری مکمل کی۔ عابد 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فواد عالم 8 اور محمد رضوان 5 رنز بنا سکے جبکہ حسن علی بھی 12 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔ فہیم اشرف نے 38 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح بابر زیرقیادت بیٹنگ لائن اپ 146/0 سے گھٹ کر 286 پر آل آؤٹ ہوگئی اور بنگلا ٹیم کو سبقت مل گئی۔ بنگلا دیش کی جانب سے تاج الاسلام نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو وکٹیں عبادت حسین اور ایک مہدی حسن مرزا کے حصے میں آئی۔ تاہم، بنگلا دیشی بلے بازوں دوسری اننگز میں بھی اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے اور ابتدائی 4 بیٹرز صرف 25 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ اسٹرائیک بولر شاہین شاہ آفریدی نے دھوم مچائی۔ انھوں نے 6-4-6-3 کے شاندار اعداد و شمار کے ساتھ دن کے کھیل کا اختتام کیا۔ تب تک بنگلا دیش نے 4 وکٹوں پر 39 رنز بنا لیے تھے، مشفیق الرحیم 12 اور یاسر علی 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے 3 وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیں جبکہ ایک کھلاڑی کو حسن علی نے شکار بنایا۔ چٹگانگ ٹسٹ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 330 اسکور کیے تھے، جس میں لٹن داس نے سنچری اسکور کی تھی جبکہ مشفق الرحیم نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔ پاکستان کیلئے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو، دو وکٹیں شاہین آفریدی اور فہیم اشرف کے حصے میں آئی تھیں۔