پاکستانی نژاد برطانوی مجرم پر جیل میں حملہ

   

لندن : برطانوی میڈیا کی جانب سے جمعہ کے روز بتایا گیا کہ اپنی دس سالہ بیٹی سارہ شریف کے قتل کے جرم میں سزا پانے والے مجرم عرفان شریف کو جیل میں چند قیدیوں نے حملہ کر کے زخمی کر دیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے برطانوی میڈیا رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ سارہ شریف قتل کیس میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے مجرم اور مقتولہ بچی کے والد کو قیدیوں نے حملہ کر کے زخمی کر دیا۔ برطانیہ میں قتل کے اس کیس کے تناظر میں نہ صرف شدید بحث دیکھی گئی تھی بلکہ عوامی سطح پر شدید غصہ بھی پایا جاتا ہے۔ برطانوی اخبار سن کی ایک رپورٹ بتایا گیا ہے کہ 43 سالہ عرفان شریف پر لندن کی بلمارش جیل میں دو قیدیوں نے حملہ کیا، جہاں وہ اس قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، قیدیوں نے ٹونا مچھلی کے ایک ڈبے کے تیز دھار ڈھکن کی مدد سے یہ حملہ کیا، جس سے شریف کی گردن اور چہرے پر زخم آئے ، جس کے بعد انہیں جیل کے اندر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔ جیل کے ایک ترجمان نے کہا کہ پولیس یکم جنوری کو بلمارش جیل میں ایک قیدی پر حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔