تحقیقاتی رپورٹ ای ڈی کو پیش کرنے سے ایس آئی ٹی کا انکار
حیدرآباد۔14اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن گروپ I کے پرچہ کا افشاء کی تحقیقات کر رہی SIT نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو تحقیقاتی رپورٹ حوالہ کرنے سے انکار کردیا ہے اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے TSPSC گروپ I پیپر میں انسداد منی لانڈرنگ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ ای ڈی افسران نے پتہ چلایا ہے کہ تلنگانہ میں ان امتحانات میں شرکت کرنے والوں میں کچھ ایسے امیدوار بھی تھے جو بیرون ملک خدمات انجام دے رہے تھے اور انہوں نے گروپ Iامتحانات کیلئے بیرونی ملک سے رقومات روانہ کی تھی کہ وہ انسداد منی لانڈرنگ کے قوانین کے تحت مقدمہ درج کرنے کافی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ٹی ایس پی ایس سی میں برسر خدمت دو ملازمین شنکر لکشمی اور ستیہ نارائنہ کو دفعہ 50کے تحت نوٹس جاری کی گئی تھی اور دونوں ملازمین کل ای ڈی کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان قلمبند کروایا ۔ذرائع کے مطابق انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی تحقیقات میںعہدیداروں نے دونوں ملازمین کے ویب سائٹ آئی ڈی اور پاسورڈ حاصل کرکے ان کے پیپر تک رسائی اور تفصیلات حاصل کی ہیں علاوہ ازیں دوران تحقیقات مرکزی ایجنسی کے عہدیداروں نے دونوں ملازمین کے معاشی موقف اور ان کی دولت کی تفصیلات حاصل کرکے ان کی سرمایہ کاری کی تفصیلات کے متعلق بھی آگہی حاصل کی ۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن کے پرچۂ سوالات کے افشاء میں ریاستی حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرانے لگے ہیں اور ان حالات میں ریاستی حکومت کی ایس آئی ٹی و مرکزی ایجنسی ای ڈی سے اس معاملہ میں تحقیقات کا آغاز کیا جانا بھی سیاسی رخ اختیار کرنے لگا ہے لیکن یہ کہاجا رہاہے کہ ای ڈی نے بیرون ملک موجود امیدواروں کی جانب سے امتحان کی تحریر سے قبل روانہ رقومات کی تفصیلات تک رسائی حاصل کرنے میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے اسی لئے ای ڈی سے ایس آئی ٹی سے تحقیقاتی رپورٹ طلب کی جا رہی ہے جسے ایس آئی ٹی یہ کہتے ہوئے دینے سے انکار کر رہی ہے کہ مہربند لفافہ تلنگانہ ہائی کورٹ میں جمع کروادیا گیا ہے۔