اترپردیش کے انتخابی نتائج تک انتظار کا مشورہ، کالیشورم اور ملنا ساگر پراجیکٹس کا معائنہ، فلم اسٹار پرکاش راج نے بھی چیف منسٹر سے ملاقات کی
حیدرآباد۔/27 فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے اور تلنگانہ میں تیسری مرتبہ اقتدار حاصل کرنے کیلئے حکمت عملی کی تیاری کا کام تیز کردیا ہے۔ قومی سطح پر انتخابی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور کے علاوہ فلم اسٹار پرکاش راج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ پرشانت کشور دو دن قبل تلنگانہ کے دورہ پر پہنچے اور ہفتہ کے دن فارم ہاوز میں چیف منسٹر کے سی آر سے ان کی ملاقات ہوئی۔ اس سے قبل پرکاش راج نے کے سی آر سے ملاقات کی تھی۔ قومی سیاست میں مخالف بی جے پی محاذ کی تیاری چیف منسٹر کا اہم ایجنڈہ ہے۔ اس سلسلہ میں وہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی، چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن، چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے اور این سی پی کے سربراہ شرد پوار سے بات چیت کرچکے ہیں۔ پرشانت کشور نے بہار میں نتیش کمار اور مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کو اقتدار میں واپسی میں اہم رول ادا کیا تھا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے قومی سطح کے علاوہ تلنگانہ میں 2023 میں دوبارہ کامیابی کیلئے پرشانت کشور کی خدمات حاصل کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کے ادارہ سے باقاعدہ معاہدہ کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق پرشانت کشور اور چیف منسٹر کے سی آر کی ملاقات کے دوران موجودہ قومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مخالف بی جے پی محاذ کی تیاری کے سلسلہ میں پرشانت کشور اور ان کے مددگار مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے سروے کررہے ہیں۔ رائے عامہ حاصل کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے سیکولر اور جمہوریت پسند طاقتوں کو متحد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ پرشانت کشور نے تیسرے محاذ میں امکانی حلیف جماعتوں کے بارے میں بھی واضح طور پر اشارہ دیا۔ پرشانت کشور نے دیگر ریاستوں کی برسر اقتدار علاقائی جماعتوں کے موقف سے بھی واقف کرایا۔ چیف منسٹر کے سی آر کے مشورہ پر پرشانت کشور نے ملنا ساگر ذخیرہ آب، کالیشورم کے پمپ ہاؤز اور گجویل اسمبلی حلقہ میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ پرشانت کشور اور ان کی ٹیم نے گجویل میں عوام سے ترقیاتی کاموں کے بارے میں رائے حاصل کی۔ قبل ازیں پرکاش راج نے بھی چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد کالیشورم پراجکٹ اور ملنا ساگر ذخیرہ آب کا معائنہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق پرشانت کشور کی ٹیم نے ریاست کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہے۔ عوامی رائے سے متعلق چیف منسٹر کو عنقریب رپورٹ پیش کی جائے گی۔ دوسری طرف جنوبی ریاستوں کی جماعتوں سے تائید حاصل کرنے کیلئے پرکاش راج کو متحرک کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ چیف منسٹر کے سی آر سے مسلسل ربط میں ہیں۔ پرکاش راج نے چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ گجویل میں مارکٹ کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور کسانوں سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر کے فارم ہاوز میں شب بسری کے بعد انہوں نے کالیشورم اور ملنا ساگر کا دورہ کیا۔ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف چیف منسٹر نے محاذ کھول دیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ تمام تر سرگرمیاں پرشانت کشور کے مشورہ کے مطابق کی جارہی ہیں۔ بی جے پی مکت بھارت کا نعرہ پرشانت کشور کا دیا ہوا ہے۔ تیسرے محاذ میں کانگریس کی شمولیت کے مسئلہ پر تجسس باقی ہے کیونکہ کئی علاقائی جماعتوں نے کانگریس کے بغیر بی جے پی کے متبادل محاذ کی تشکیل کو ناممکن قرار دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پرشانت کشور نے اتر پردیش کے نتائج کے بعد قومی سیاست کی حکمت عملی طئے کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ تلنگانہ میں لوک سبھا نشستوں کی تعداد صرف 17 ہے لہذا تمام نشستوں پر کامیابی کے بغیر قومی سیاست میں اثر انداز ہونا آسان نہیں ہے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق پرشانت کشور نے قومی محاذ کے سلسلہ میں مختلف تجاویز پیش کی ہیں جن کا کے سی آر جائزہ لے رہے ہیں۔ر