خاتون کی ہلاکت اور کمسن کی تشویشناک حالت، پروڈیوسر اور تھیٹر انتظامیہ پر بھی مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 5 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد سٹی پولیس نے’ پشپا 2‘ کے اداکار الو ارجن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ چکڑ پلی پولیس نے ایک خاتون کی موت اور لڑکے کی تشویش ناک حالت پر پیدا شدہ تنازعہ کے سبب کارروائی کی اور الو ارجن کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر آف پولیس سنٹرل زون مسٹر اکشانش یادو نے بتائی ۔ سندھیہ تھیٹر میں کل پشپا 2 کے پریمیر شو کے دوران بھگڈر میں 35 سالہ خاتون ریوتی ہلاک ہوگئی جب کہ اس کا ایک 9 سالہ لڑکا سری تیجا شدید زخمی ہوگیا ۔ جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ کل رات الو ارجن سندھیہ تھیٹر پہونچے جس کے بعد وہاں موجود شائقین کی بھیڑ بے قابو ہوگئی ۔ اور بھگڈر مچ گئی ۔ اس دوران دلسکھ نگر علاقہ کی خاتون ریوتی ہلاک ہوگئی ۔ اس واقعہ کے بعد آج بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں نے سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا منظم کیا اور دوسری طرف ہائی کورٹ کے وکلاء نے اللور ارجن ، ہدایت کار سوکمار پروڈیوسروں اور سندھیہ تھیٹر انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے چکڑ پلی پولیس اسٹیشن میں شکایت کردی ۔ چکڑ پلی پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع
تھیٹر سانحہ میں زخمی سری تیجا کی حالت تشویشناک
زیر علاج لڑکے کیلئے ڈاکٹرس کی 25 گھنٹوں کی مہلت، ڈاکٹرس کی خصوصی نظر
حیدرآباد۔/5 ڈسمبر،( سیاست نیوز) سندھیا تھیٹر سانحہ میں زخمی سری تیجا کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ کمس میں زیر علاج لڑکے کیلئے 25 گھنٹوں کی مہلت دی گئی ہے جو کل رات بھگدڑ میں شدید زخمی ہوگیا تھا۔ اپنی والدہ کے ہمراہ سندھیا تھیٹر میں ’ پشپا 2‘ دیکھنے کیلئے پہنچا لڑکا بھگدڑ میں شدید زخمی ہوگیا جبکہ اس بھگدڑ میں بچہ کی والدہ 35 سالہ ریوتی ہلاک ہوگئی۔ ریوتی اپنے افراد خاندان کے ہمراہ شو ہر اور بیٹے کے ساتھ تھیٹر پہنچی تھی اس دوران رات تقریباً 9:30 بجے فلم اداکار الوارجن سندھیا تھیٹر پہنچے اور الو ارجن کو دیکھتے ہی ان کے مداح بے قابو ہوگئے اور بھیڑ ایک دم سے بے قابو ہونے پر تھیٹر میں بھگدڑ مچ گئی اور اس بھگدڑ کی زد میں آکر ریوتی ہلاک ہوگئی جبکہ ریوتی کے کمسن 9 سالہ لڑکے سری تیجا کو پولیس نے بچالیا ، بچہ کی انتہائی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے پولیس ایک طرف بھیڑ پر قابو پانے کے اقدام کے علاوہ بچہ کی صحت پر بھی توجہ دی اور سی پی آر کرتے ہوئے بچہ کی جان بچائی اور فوری ہاسپٹل منتقل کیا۔ اس بچہ کو کمس کے ایمرجنسی وارڈ میں رکھا گیا ہے اور ڈاکٹرس نے 25 گھنٹے کی مہلت دی ہے اور بچہ کی صحت پر ڈاکٹرس خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بچہ فی الحال وینٹی لیٹر کے ذریعہ سانس لے رہا ہے۔ بچہ کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ بچہ کی خواہش پر ’ پشپا2‘ دیکھنے کیلئے ہم تھیٹر پہنچے تھے چونکہ الوارجن کو بچہ کافی پسند کرتا ہے جب سے ’ پشپا ‘ فلم میں الوارجن نے اداکاری کی تھی سری تیجا کو گھر میں پشپا ہی پکارا جاتا تھا۔ پولیس اس معاملہ میں مصروف تحقیقات ہے۔ع