پنڈت جواہر لال نہرو کو کانگریس پارٹی کا خراج

   

تاریخ کو مسخ کرنے کی کوششوں کی مذمت

حیدرآباد۔/14 نومبر، ( سیاست نیوز) ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو کانگریس پارٹی کی جانب سے گاندھی بھون میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ، یوتھ کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری انیل کمار یادو اور دیگر قائدین نے پنڈت جواہر لال نہرو کو خراج پیش کیا۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے کہاکہ جواہر لال نہرو ایک عظیم ہندوستان کے معمار ہیں جنہوں نے ہر شعبہ میں ملک کی ترقی کو یقینی بنایا ہے۔ ملک کی آزادی کیلئے وہ دس سال تک جیل میں رہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بعض گوشوں کی جانب سے مہاتما گاندھی اور پنڈت نہرو کی خدمات کو کمتر ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں کا ساتھ دینے والے افراد کو دیش بھکت کے طور پر متعارف کیا جارہا ہے۔ ملک کے نوجوانوں کو گمراہ کن تاریخ سے آگاہ کرنے کی منصوبہ بندی ہے جس میں حقیقی مجاہدین آزادی کو فراموش کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کیلئے قربانیاں دینے والے قائدین کو عوام فراموش نہیں کریں گے ۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ملک کیلئے قربانی دینے والے نہرو خاندان کے وارث آج بھی ملک میں بے لوث خدمت انجام دے رہے ہیں۔ر