جاریہ پارلیمنٹ سیشن میں تین میٹر بلندی کم کرنے کا مرکزی حکومت بل منظور کرے
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے کہا کہ آندھرا پردیش میں تعمیر کئے جانے والے پولاورم پراجکٹ سے بھدرا چلم کو خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔ آج ٹی آر ایس ایل پی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے جو پولاورم پراجکٹ کا ڈیزائن تیار کیا گیا تھا اس ڈیزائن کو تبدیل کرتے ہوئے تین میٹر تک اس کی بلندی میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ جس کی وجہ سے بھدرا چلم کو سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ بھدرا چلم کو سیلاب کے خطرے سے بچانے کے لیے مرکزی حکومت پولاورم پراجکٹ کی بلندی کو کم کرنے کی ذمہ داری قبول کرے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے بھدرا چلم کے دونوں جانب موجود کٹوں کو مضبوط کرنے اور سیلاب کے متاثرین کو راحت فراہم کرنے کے لیے 1000 کروڑ روپئے جاری کرنے کا اعلان کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا ۔ پی اجئے کمار نے کہا کہ تلنگانہ کی حکومت ابتداء سے پولاورم پراجکٹ کی بلندی گھٹانے کا مطالبہ کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آندھرا پردیش سے بھی سیلاب کے متاثرین نے تلنگانہ کے راحتی مرکز میں پناہ لی ہے ۔ پولاورم پراجکٹ کے لیے تلنگانہ کے 7 منڈلس کو آندھرا پردیش میں ضم کرنے کی ہم نے مخالفت کی تھی ۔ تلنگانہ کے جن 7 منڈلوں کو آندھرا پردیش میں ضم کیا گیا ہے ۔ انہیں دوبارہ تلنگانہ میں شامل کرنے کے لیے پارلیمنٹ کے جاریہ سیشن میں ہی بل منظور کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ۔ بالخصوص بھدرا چلم کے قریب واقع 5 مواضعات کو تلنگانہ میں شامل کرنے کے لیے مرکزی حکومت ہمدردانہ غور کریں ۔۔ ن