پولیس انتخابات میں مصروف ‘ نوجوان رنگ رلیاں مناتے رہے

   

2023 میں27 کروڑ روپئے سے زائد مالیت کی منشیات ضبط ‘آخری دو ماہ میں زیادہ واقعات
حیدرآباد 26 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سائبر آباد پولیس حدود میں جاریہ سال ڈرگس اور منشیات کے استعمال اور ان کی منتقلی وغیرہ میں اضافہ ہوا ہے اس کے علاوہ منشیات کی ضبطی بھی بڑھی ہے ۔ واضح رہے کہ سائبر آباد کے حدود میں ہی ریاست کے تین اہم پولیس کمشنریٹس میں سب سے زیادہ پبس واقع ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ ان ہی پبس میں منشیات کا استعمال وغیرہ عام ہوتا ہے ۔ سائبر آباد کرائم بیورو کے ریکارڈز اور اعداد و شمار کے بموجب 2023 میں سائبر آباد کے حدود میں جملہ 27.8 کروڑ روپئے مالیت کی منشیات اور نشہ آور اشیا کو ضبط کیا گیا ہے ۔ یہ ضبطی 2022 میں کی گئی ضبطی سے دوگنی سے بھی زیادہ ہے ۔ 2022 میں سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں جملہ 12.4 کروڑ روپئے مالیت کے ڈرگس اور منشیات کو ضبط کیا گیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ سائبر آباد کے حدود میں جملہ 54 پبس موجود ہیں ۔ اس کے علاوہ صرف راجندر نگر زون میں جملہ 1000 فارم ہاوز موجود ہیں۔ اس کے علاوہ شمس آباد کے حدود میں 160 میڑچل کے حدود میں 165 اور بالانگر کے حدود میں جملہ 33 فارم ہاوز موجود ہیں۔ عوام میں یہ تاثر بھی عام ہے کہ ان ہی پبس اور فارم ہاوزیس میں منشیات وغیرہ کا استعمال ہوتا ہے ۔ یہاں پارٹیاں منعقد کی جاتی ہیں جن میں منشیات کا استعمال ہوتا ہے ۔ ان پبس اور فارم ہاوزیس میں نوجوان پارٹیوں کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے رنگ رلیاں مناتے ہیں۔ ریو پارٹیاں منعقد کی جاتی ہیں جن میں نشہ آور اور ممنوعہ اشیا کا بے دریغ استعمال ہوتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ گذشتہ دو مہینوں میں ان پبس اور فارم ہاوزیس کو بک کرنے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے اور یہاں پارٹیوں کی تعداد بھی بڑھی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ چونکہ گذشتہ دنوں میں ریاستی پولیس اسمبلی انتخابات کے انتظامات میں مصروف رہی تھی اور اس کی ساری توجہ اسی جانب تھی ایسے میں پارٹی کرنے والے نوجوانوں اور ایونٹ آرگنائزرس نے صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی پارٹیاں بھی منعقد کی ہیں۔ انہیں پولیس سے زیادہ خطرہ محسوس نہیں ہوا ۔ کہا گیا ہے کہ جاریہ سال جملہ 277 منشیات کی ضبطی کے مقدمات درج کئے گئے ہیں جن میں پانچ سو سے زائدا فراد کو ملزم بنایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ منشیات سربراہ کرنے والی گینگس اور افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔