پوپ فرانسس میں ’ڈبل نمونیا‘ کی تشخیص، تمام عوامی تقریبات منسوخ

   

روم: ویٹی کن نے کہا ہے کہ پوپ فرانسس میں ’ڈبل نمونیا‘ کی تشخیص ہوئی ہے ، جس کے بعد 88 سالہ پوپ کا علاج مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔ ویٹی کن سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پوپ کا لیبارٹری ٹیسٹ، سینے کا ایکسرے اور کلینیکل حالات ایک پیچیدہ تصویر پیش کر رہے ہیں۔سینے کا سی اے ٹی اسکین جو پوپ نے گزشتہ روز حاصل کیا، اس میں کہا گیا ہیکہ ٹسٹ سے پتہ چلتا ہیکہ ’ڈبل نمونیا‘کی شروعات ہوئی ہے ، جس کیلئے مزید فارماکولوجیکل تھراپی کی ضرورت ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے باوجود پوپ فرانسس کی حالت بہتر ہے ۔
ڈبل نمونیا ایک انفیکشن ہے ، جو دونوں پھیپھڑوں کو متاثر کرتا ہے ، اور سانس لینے میں دشواری پیدا کرسکتا ہے ۔پوپ ایک ہفتے سے زیادہ عرصے سے سانس کے انفیکشن میں مبتلا تھے ، اور انہیں 14 فروری کو روم کے جیمیلی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا تھا۔