پوپ لیو کی تارکین وطن کے خاندان سے ملاقات

   

وٹیکن سٹی۔ 4 جولائی (ایجنسیز) کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہاردہم نے ہفتہ کے روز اٹلی کے جزیرے لامپے ڈوسا کا دورہ کیا۔ یہ جزیرہ افریقہ سے بحیرہ روم کا خطرناک سفر طے کر کے اٹلی پہنچنے والے تارکین وطن کی ایک اہم منزل سمجھا جاتا ہے۔ پوپ لیو کے اس دورے کو امریکہ اور یورپی یونین کی قیادت کے لیے ایک واضح سیاسی پیغام قرار دیا جا رہا ہے۔ کیتھولک چرچ کے پہلے امریکی نڑاد پوپ اور صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے درمیان تارکین وطن کے معاملے پر کشیدگی رہی ہے۔ پوپ لیو لامپے ڈوسا ایک ایسے دن پہنچے ہیں، جب چار جولائی کو امریکہ اپنا 250 واں یوم آزادی منا رہا ہے۔ پوپ لیو کا یہ دورہ ایسے وقت میں بھی ہو رہا ہے، جب صرف دو ہفتے قبل یورپی یونین نے ہجرت سے متعلق نئے قوانین کی منظوری دی، جن کے تحت تارکین وطن کو زیادہ وسیع اختیارات کے ساتھ حراست میں رکھنے اور یورپی یونین سے باہر ملک بدری کے مراکز قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔