پوکھرن رینج میں فوج کاشاندار جنگی مظاہرہ

   

جیسلمیر، 21 ستمبر (یو این آئی) راجستھان کی جھلستی ریت اور تیز ہواؤں کے درمیان ضلع جیسلمیر کی پوکھرن فیلڈ فائرنگ رینج اُس وقت ایک فرضی جنگی میدان میں تبدیل ہو گئی جب ہندوستانی فوج کی مشہور بیٹل ایکس ڈویژن نے اپنی فوجی مشق کے دوران شاندار عسکری صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔فوجی ذرائع نے بتایا کہ اس فوجی مشق کے دوران ہندوستانی فوج نے نئی نسل کے ہتھیاروں اور جدید آلات کا استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ ترین جنگی صلاحیت کا مظاہرہ کیا اور اپنی جنگی تیاریوں کو پیش کیا۔سالانہ فیلڈ فائرنگ مشق کے دوران فوج نے نہ صرف اپنی شجاعت اور بہادری کا ثبوت دیا بلکہ جدید ہتھیاروں اور نئی نسل کے فوجی ساز و سامان کی طاقت سے یہ ثابت کر دیا کہ ہندوستانی بری فوج کسی بھی صورت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی اہل ہے ۔
مشق کے دوران فوج کے جانبازوں نے مختلف ہتھیاروں کا کامیاب مظاہرہ کیا جن میں اسالٹ رائفل، انفینٹری رائفل، لائٹ مشین گن، ہیوی مشین گن، اسنائپر رائفل، ہائی پریسیژن رائفل، اینٹی ٹینک راکٹ سسٹم، تھرمل سائٹنگ ڈیوائسز، ڈرون اور نگرانی کے آلات سمیت مواصلاتی اور نیویگیشن کے آلات شامل تھے ۔