پڑوسی ممالک سے تعلقات مضبوط بنانے کا عزم : راجناتھ

   

نئی دہلی: نیپال کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشوک راج سِگڈیل نے 12 دسمبر 2024 کو نئی دہلی میں وزیردفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات سے متعلق متعدد مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیردفاع نے دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، جن میں تربیت، باقاعدہ مشقیں، ورکشاپس اور سیمیناروں سمیت نیپالی فوج کی صلاحیت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ دفاعی ساز و سامان اور اسٹورز کی فراہمی بھی شامل ہے ۔راج ناتھ سنگھ نے دونوں ممالک کے درمیان انتہائی مضبوط باہمی تعلقات کی موجودہ صورتحال پر بھی گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ قریبی پڑوسیوں کے طور پر، ہندوستان اور نیپال باہمی خدشات کے بہت سے مسائل پر ایک جیسے نقطہ ہائے نظر رکھتے ہیں۔ انہوں نے ’پڑوسی پہلے کی پالیسی‘کے مطابق اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کے ہندوستان کے ارادے کا اعادہ کیا۔ سنگھ نے نیپال کے آرمی چیف کو ہندوستانی فوج کے جنرل کے اعزازی رینک سے نوازے جانے پر مبارکباد دی۔ جنرل اشوک راج سگڈیل ہندوستان کے چار روزہ دورے پر ہیں۔