پہلوانوں سے لڑائی کا پارٹی سے تعلق نہیں:برج بھوشن

   

گونڈا: ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ نے کہا ہے کہ وہ پہلوانوں سے ان کی لڑائی ذاتی ہے جنہوں نے ان پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے اور اس کا ان کی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اتوار کو نندنی نگر کالج کیمپس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے برج بھوشن نے کہا کہ وہ خود پہلوانوں کے ذریعہ ان پر لگائے گئے الزامات کا مقابلہ کریں گے ۔ یہ لڑائی ان کی ذاتی ہے اور بی جے پی کا اس معاملہ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ الزامات ان پر ریسلنگ فیڈریشن کے صدر کی حیثیت سے لگائے گئے ہیں نہ کہ رکن پارلیمنٹ کے طور پر۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کہے گی تو وہ فوری طور پر رکن پارلیمنٹ کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیں گے ۔ برج بھوشن نے کہا کہ ملک کو تمغے دلانے میں نہ صرف پہلوانوں کا کردار ہوتا ہے بلکہ ریسلنگ فیڈریشن کا بھی اہم رول ہوتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک دہلی پولیس نے ان سے رابطہ نہیں کیا، اگر پولیس انہیں جہاں طلب کرے گی وہ وہاں جائیں گے اور پولیس کی کارروائی میں مکمل تعاون کریں گے ۔