دورہ کی تکمیل پر جئے پور سے واشنگٹن روانہ
نئی دہلی :امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا 4 روزہ دورۂ ہند آج اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہندوستان کے دورہ پر اؑٓئے تھے اور یہاں کچھ تاریخی مقامات کی سیر کی۔ جمعرات کی صبح وہ واشنگٹن کیلئے روانہ ہو گئے لیکن پہلگام حملہ کے سبب جئے پور میں ان کا سٹی پیلس دورہ کا پروگرام منسوخ ہو گیا۔ جئے پور بین الاقوامی ہوائی اڈہ سے جے ڈی وینس اور ان کی فیملی نے واشنگٹن کے لیے خصوصی طیارہ سے پرواز بھری۔اپنے دورۂ ہند کے دوران جے ڈی وینس نے جئے پور میںقلعہ دیکھا اور راجستھان انٹرنیشنل سنٹر میں ہند۔امریکہ تعلقات پر تقریر کی۔ اس سے قبل وہ چہارشنبہ کو آگرہ میں واقع تاریخی تاج محل دیکھنے پہنچے تھے۔ جے ڈی وینس نے پیر کے روز دہلی میں اکشر دھام مندر کے بھی درشن کئے۔ علاوہ ازیں دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ان کی رہائش پر ملاقات بھی کی۔ وزیر اعظم مودی نے وینس اور ان کے اہل خانہ کے لیے عشائیہ کی میزبانی کی تھی۔ جے ڈی وینس کا دورۂ ہند سیاسی، اقتصادی اور سفارتی نظریہ سے ہند۔امریکہ روابط کو مضبوطی دینے والا تصور کیا جا رہا ہے۔مرکزی وزارت خارجہ کے مطابق آگرہ دورہ کے دوران پہلگام دہشت گردانہ حملے کی خبر ملتے ہی جے ڈی وینس نے وزیر اعظم نریندر مودی سے فون پر بات کی تھی۔ انھوں نے اس حملے کی سخت مذمت اورگہرے صدمہ کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ اس مشکل وقت میں ہندوستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ امریکہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لڑائی میں سبھی طرح کی مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔