کراچی ۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے انگلینڈ کے خلاف دوسرا ون ڈے گنوانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ٹیم کا انتخاب درست کرو، ٹیم میں کوئی ایک سلجھا ہوا بیٹسمین نہیں۔ شعیب اختر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹی 20 کے پلیئر ونڈے میں اور ون ڈے کے پلیئر ٹی ٹوئنٹی میں کھلا رہے ہیں، صہیب مقصود کو ٹی ٹوئنٹی کی کارکردگی پر منتخب کیا اور ونڈے میچز کھلا رہے ہیں جبکہ سرفراز سے بہتر مڈل آرڈر بیٹسمین کوئی نہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ انگلینڈ نے کاؤنٹی کرکٹ کے پلیئرزکو چند گھنٹے پہلے ٹیم میں شامل کیا، میں نے پہلے کہہ دیا تھا سیریز 3-0 سے انگلینڈ جیتے گی۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ بابر اعظم کو آؤٹ سوئنگ گیند پر مشکل ہوتی ہے، پاکستان ٹیم میں کوئی ایک کھلاڑی بتائیں جسے انگلینڈ میں ٹکٹ خرید کرکوئی دیکھنے آئے۔ شعیب اختر نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی ٹیم میں کوئی ایسا پلیئر نہیں جس کو انگلینڈ میں ٹکٹ خرید کر دیکھنے آئیں، جاوید میانداد کو لوگ دیکھنے آتے تھے،وہ میچ فنش کرتے تھے، ماضی میں جاوید میانداد کی بیٹنگ دیکھنے شائقین آیا کرتے تھے۔ سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ وقار یونس کو لانے والوں سے پوچھا جائے انہیں کیوں لایا جاتا ہے۔ شعیب اختر نے مزید کہا کہ سی ای او پی سی بی وسیم خان کو پہلے 2 سال میں نے تعاون دیا ہے، سنا ہے وسیم خان کو تین سال کی توسیع دی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث نئے کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنے والی انگلینڈ کی ٹیم نے دوسرے ونڈے میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 0۔2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے 52 رنز سے فتح اپنے نام کی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا و ڈے 13 جولائی کوہوگا۔