لکھنؤ:13نومبر(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش پاور کارپوریشن لمیٹیڈ کے ملازمین کے پی ایف کی رقم کی سرمایہ کاری ڈی ایچ ایف ایل میں کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے ابھینو گپتا کو ای او ڈبلیو نے گرفتار کرلیا ہے جبکہ ملازمین کے اہل خانہ کل اس معاملے میں قصوروار دیگر افراد کو جلد گرفتار کرنے کے لئے احتجا ج کریں گے ۔بجلی ملازمین یونین کے کوآرڈینیٹر شیلیندر دوبے نے بدھ کو کہا کہ ملازمین کے اہل خانہ محکمہ بجلی کے دفتر پر کل احتجاجی مظاہرہ کریں گے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گھپلے کی ذمہ دار افرار کو گرفتار کرنے میں حکومت تساہلی سے کام لے رہی ہے ۔ اس کے علاوہ سی بی آئی کو جانچ سونپنے میں بھی تاخیر کی جارہی ہے ۔ابھینو گپتا پہلے ہی گرفتار ہوچکے ٹرسٹ کے اس وقت کے سکریٹری پی کے گپتا کے بیٹے ہیں۔ پی کے گپتا کی گرفتار کے بعد سے ہی ای او ڈبلیو نے ابھینو کو پوچھ گچھ اور بیان درج کرانے کے لئے مسلسل بھیج رہی تھی۔ نوئیڈا پولیس کی مسلسل دبش کے درمیان ابھینو نے منگل کو اکانومک اوفینس ونگ کے دفتر پر خودسپردگی کردی۔ پی ایف گھپلہ معاملے میں ابھینو کو اہم کڑی ماناجارہا ہے ۔ وہ نوئیڈا سیکٹر۔121 میں رہ کر رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرتا ہے ۔