پی جی میڈیکل داخلوں کیلئے نوٹیفکیشن کی اجرائی

   

آج شام 8بجے تک ویب آپشن کی سہولت ، داخلوں کا عمل سپریم کورٹ کے فیصلہ سے مشروط

حیدرآباد : 30ڈسمبر ( سیاست نیوز) کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی نے تعلیمی سال 2024-25 کے کنوینر کوٹہ کے تحت پی جی داخلوں کیلئے اتوار کو نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ۔ یونیورسٹی نے 27 ڈسمبر کو پی جی نیٹ ریاستی رینک کے ساتھ عارضی میرٹ لسٹ جاری کرتے ہوئے ہفتہ تک طلبہ س اعتراضات قبول کئے ۔ کنوینر کوٹہ کے پہلے مرحلے کے تحت سرویس ، معذور کوٹہ کے ساتھ اہل طلبہ پی جی میڈیکل ڈگری اور ڈپلوما کی نشستیں حاصل کرنے کیلئے اتوار کو شام 6 بجے سے 31 ڈسمبر رات 8بجے تک ویب آپشن دینے کی مہلت دی تھی ۔ نشستیں حاصل کرنے والے طلبہ کو چاہیئے کہ وہ یونیورسٹی فیس 29,600 روپئے آن لائن ادا کرتے ہوئے الاٹمنٹ لیٹر حاصل کریں اور ٹیوشن فیس متعلقہ کالجس میں سرکاری قواعد کے مطابق ادا کرنے کی طلبہ کو ہدایت دی گئی ہے ۔ اگر طلبہ کو کوئی شکوک و شبہات ہو تو 9059672216 ، 7842136688 ، 9392685856 ان فون نمبرات پر رابطہ پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ مزید تفصیلات کیلئے یونیورسٹی کے سرکاری ویب سائٹ دیکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب امیدواروں کے داخلے اور کالجس میں نشستوں کی حتمی شکل سپریم کورٹ کے فیصلہ سے مشروط ہونے کا نوٹیفکیشن میں تذکرہ کیا گیا ہے ۔ پی جی داخلوں سے متعلق حکومت کے جاری کردہ جی او148 اور 149 کو چند طلبہ نے ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ۔ ہائیکورٹ نے ان جی اوز کو مسترد کردیا جس کے بعد حکومت سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی ہے ۔7 جنوری کو سپریم کورٹ اس کیس کی سماعت کرے گی۔ 2