پیدائش و اموات کے ریکارڈ کیلئے نئے ویب سائٹ کی تیاری آر ڈی اوز کے دفاتر سے مربوط کرنے کا منصوبہ

   

حیدرآباد۔7۔مارچ۔(سیاست نیوز) شہریوں کے صداقتنامہ پیدائش و اموات کے معاملہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے 31ہزار صداقتناموں کی تنسیخ کے فیصلہ کے بعد کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی ہدایت پر جی ایچ ایم سی نے آرڈی او کے ریکارڈس سے اموات اور پیدائش کے ریکارڈس کی جانچ کے لئے ایک اور ویب سائٹ کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کسی بھی صداقتنامہ موت یا پیدائش کی اجرائی سے قبل آرڈی او کے پاس موجود تفصیلات سے درخواست میں فراہم کی گئی تفصیلات کی جانچ کی جائے ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ چیف سیکریٹری محترمہ سانتی کماری نے بلدی عہدیدارو ںکی لا پرواہی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مسئلہ کا حل دریافت کرنے کی ہدایت کے ساتھ فوری طور پر تجاویز روانہ کرنے کی ہدایت دی تھی جس پر جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے دونوں شہرو ںاور بلدی حدود میں خدمات انجام دے رہے آرڈی او کے پاس موجود تفصیلات سے مربوط نئی ویب سائٹ کی تیاری کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے اس منصوبہ سے چیف سیکریٹری کو واقف کروایا جسے ان کی جانب سے منظوری دیئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق جی ایچ ایم سی کو موصول ہونے والی صداقت نامہ موت یا پیدائش کی درخواست کی تنقیح فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق دواخانہ کی تفصیلات سے جانچ کرنے کے بعد مکمل تفصیلات آر ڈی او سے مربوط ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی جائیں گی تاکہ کسی بھی صداقت نامہ کی توثیق کے لئے پہنچنے والے صداقتنامہ کی جانچ کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جاسکے۔ محکمہ مال اور بلدیہ کے متعلقہ شعبہ کو مربوط کرتے ہوئے شروع کی جانے والی اس ویب سائٹ کے متعلق کہا جارہا ہے کہ اس ویب سائٹ میں تبدیلی کے لئے رسائی صرف مجاز عہدیداروں کے پاس ہی ہوگی اور جب تک متعلقہ مجاز عہدیداروں کی جانب سے تفصیلات کو منظوری فراہم نہیں کی جاتی وہ ویب سائٹ پر نہیں ہوں گی۔م