چار خواتین کیساتھ جنسی زیادتی برازیل کے کوچ کو 109سال قید کی سزا

   

لندن : برازیل کی قومی جمناسٹک ٹیم کے ایک سابق کوچ کو ایک کم سن کھلاڑی سمیت چار خواتین ایتھلیٹس کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے جرم میں ایک صدی سے بھی زائد عرصے کی سزائے قید سنا دی گئی ہے۔ ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ساؤ پاؤلو شہر کے قریبی شہر سا ؤ بیرنارڈو ڈو کیمپو میں ایک عدالت نے فیرنانڈو ڈے کاروالہو لوپیز کو 109 سال اور آٹھ ماہ قید کی سزا سنائی۔ گلوبو اسپورٹ کے مطابق لوپیز کو چار ایتھلیٹس پر جنسی حملے کرنے کا مجرم پایا گیا، جن میں اس وقت صرف 13 برس کی عمر کی ایک نابالغ ایتھلیٹ بھی شامل تھیں۔لوپیز کے جرائم کا شکار بننے والی دیگر جمناسٹ خاتون کھلاڑیوں کی عمروں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔لوپیز اس عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے عدالت میں اپنا یہ موقف برقرار رکھا کہ وہ بے قصور ہیں۔ اگر انہوں نے اس عدالتی فیصلے کیخلاف کوئی اپیل دائر کی، تو اس اپیل پر حتمی فیصلے تک انہیں جیل کاٹنا ہی ہو گی۔ سابق جمناسٹک کوچ نے 20 سال تک نوجوان کھلاڑیوں کی کوچنگ اور دیکھ بھال کی تھی۔