لندن : برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کے خیراتی ادارے پر اسامہ بن لادن کے اہل خانہ سے دس لاکھ پاؤنڈ لینے کا دعویٰ کیا گیا ہے جس کے بعد انہیں سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانوی ولی عہد نے اسامہ بن لادن کے سوتیلے بھائیوں بکر بن لادن اور شفیق سے رقم قبول کی تھی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے دو سال بعد 73 سالہ شہزادہ چارلس نے نجی سطح پر بکر بن لادن سے 30 اکتوبر 2013 میں اپنی رہائش گاہ کلیئرنس ہاؤس لندن میں ملاقات کی تھی۔ خیال رہے کہ بکر یا شفیق بن لادن کسی دہشت گرد کارروائی کی معاونت یا اس سے منسلک نہیں پائے گئے ہیں۔شہزادہ چارلس چیریٹیبل فاؤنڈیشن (پی ڈبلیو سی ایف) کے چیئر مین نے جاری بیان میں کہا ہے کہ شیخ بکر بن لادن کی جانب سے 2013 میں دیے گئے عطیات کو ادارے کے ٹرسٹیز نے انتہائی احتیاط برتتے ہوئے قبول کیا تھا اور سرکاری اور دیگر ذرائع سے معلومات بھی حاصل کی تھیں۔