چندرا بابو نائیڈو نے افراد خاندان کے ساتھ کامیابی کا جشن منایا

   

پوترے کے ساتھ کیک کاٹا، مہم میں بھونیشوری کی محنت کو سراہا
حیدرآباد۔/4 جون، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں تلگودیشم کی شاندار کامیابی کا پارٹی سربراہ این چندرا بابو نائیڈو نے امراوتی میں اپنے افراد خاندان کے ساتھ جشن منایا۔ چندرا بابو نائیڈو ان کی اہلیہ بھونیشوری، فرزند لوکیش کے علاوہ دیگر افراد خاندان قیامگاہ پر جمع ہوئے اور انتخابی نتائج کے رجحان کے واضح ہونے کے بعد خوشیاں منائی گئیں۔ سابق چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اہلیہ ، فرزند، بہو اور پوترے کے ساتھ ملکر کیک کاٹا۔ اس موقع پر بھونیشوری کی دیگر بہنیں اور این ٹی آر خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔ قیامگاہ پر خوشیاں منانے کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل کی گئیں جس میں چندرا بابو نائیڈو اور ان کی اہلیہ کامیابی کا نشان وکٹری بتارہے ہیں۔ لوکیش نے اپنی ماں کے گال پر بوسہ لیا اور کیک کا کچھ حصہ لگادیا۔ نائیڈو کی قیامگاہ پر جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ پوترے نے دادا ، دادی اور ماں کو کیک کھلایا۔ انتخابی مہم میں بھونیشوری نے بھی غیر معمولی محنت کی جس پر فرزند نے اپنی ماں کو گلے لگاکر مبارکباد پیش کی۔ چندرا بابو نائیڈو نے کافی وقت اپنے افراد خاندان کے ساتھ گذارا اور رجحانات کے واضح ہونے کے بعد پارٹی قائدین سے ملاقات کی۔ این ٹی آر کے فرزند رام کرشنا اور ان کی بہنیں بھی اپنے اہل و عیال کے ساتھ جشن میں شریک ہوئے اور گروپ فوٹو لی گئی۔ چندرا بابو نائیڈو نے بھونیشوری اور لوکیش کے علاوہ انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے فلم اسٹار بالا کرشنا اور این ٹی آر خاندان کے افراد سے اظہار تشکر کیا۔ 1