180 روپئے میں فی کلو چکن اور 7 روپئے میں فی انڈا دستیاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : عام مارکٹ میں جہاں مرغی کے انڈوں کی قیمت میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے وہیں مرغیوں ( چکن ) کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے ۔ ایک انڈے کی ریٹل قیمت 7 روپئے ہے ۔ وہیں ہول سیل میں 6.50 روپئے میں فی انڈا فروخت ہورہا ہے ۔ سردیوں کے سیزن میں انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ معمول کی بات ہے ۔ لیکن اس سطح پر قیمتوں میں اضافہ ہونا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے ۔ اس ماہ میں کرسمس تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ ان تقریبات میں کیک کاٹے جاتے ہیں اور مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہیں ۔ اضلاع میں کرسمس تقاریب کا آغاز ہوگیا ہے اور ساتھ ہی کیک کی طلب اور فروخت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ کیک بنانے میں مرغی کے انڈوں کا استعمال زیادہ ہوتا ہے ۔ جس سے انڈوں کی طلب میں زبردست اضافہ ہورہا ہے ۔ چند لوگ نئے سال کی تقاریب کے لیے پہلے سے ہی منصوبہ بندی کررہے ہیں ۔ مختلف ڈیزائنوں میں کیک بنانے کے آرڈرس دئیے جارہے ہیں ۔ جس کے نتیجے میں بیکریوں اور میٹھائیوں کی دکانات نے مرغی کے انڈوں کی خریداری میں اضافہ کردیا ہے ۔ جس کی وجہ سے مارکٹ میں مرغیوں کے انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ دوسری طرف کارتک مہینے کی وجہ سے چکن کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ۔ پہلے چکن 230 روپئے فی کلو فروخت ہورہا تھا اب ایک کلو چکن کی قیمت گھٹ کر 180 روپئے ہوگئی ہے ۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ کرسمس ، نئے سال اور سنکرانتی کے بعد دوبارہ چکن کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا ۔۔ 2