چیف منسٹر آج اقلیتی طلبہ کو تہنیت پیش کریں گے

   

839امیدواروں کی نشاندہی،بنجارہ ہلز میں تقریب

حیدرآباد :12 اگست ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کل 13 اگست کو بنجارہ ہلز میں واقع کمرم بھیم آدی واسی بھون میں گروپ امتحانات اور مسابقتی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے اقلیتی امیدواروں کو تہنیت پیش کریں گے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے میناریٹیز ایکسیلنس سمیٹ کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سہ پہر 3بجے اس پروگرام میں شرکت کریں گے اور اقلیتی اسکیمات کی تفصیلات پر مشتمل تصویری نمائش کا مشاہدہ کریں گے ۔ ریاستی وزراء محمد اظہر الدین ، پونم پربھاکر اور عوامی نمائندے تقریب میں شرکت کریں گے ۔ حکومت کی جانب سے ٹینس کھلاری ثانیہ مرزا ، باکسنگ چمپئن نکہت زرین اور کرکٹر محمد سراج کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے ۔ گروپ I اور دیگر گروپ امتحانات کے علاوہ مسابقتی امتحانات میں بہتر مظاہرہ کرنے والی اقلیتی امیدواروں کو تہنیت پیش کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم میں حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ وزیراقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایکسیلنس سمٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ گروپ I میں 35 ، گروپ II میں 35 ، گروپ III میں 71 اور گروپ IV میں 412 اقلیتی امیدوار منتخب ہوئے ہیں ۔ جے ای ای مینس میں 37 ، ایپ سیٹ 52 ، لاء سیٹ 37 ، نیٹ 71 کے علاوہ انٹرمیڈیٹ اور ایس ایس سی میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے جملہ 839 امیدواروں کو تہنیت پیش کی جائے گی ۔اس موقع پر چیف منسٹر اقلیتی اسکیمات سے متعلق اہم اعلانات کرسکتے ہیں ۔ 1/S