چیف منسٹر ریونت ریڈی سے رکن اسمبلی نظام آباد کی ملاقات

   

اربن حلقہ کیلئے 200 کروڑ روپئے ترقیاتی فنڈس کی منظوری کا مطالبہ
نظام آباد 10 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد اربن کے رکن اسمبلی دھن پال سوریہ نارائنا نے ریاستی وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے حلقہ سے متعلق مختلف اہم ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لیے درکار فنڈس منظور کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو پیش کردہ درخواست میں خصوصی ترقیاتی فنڈ کے تحت نظام آباد اربن حلقہ کے لیے 200 کروڑ روپے منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ حلقہ کے لیے ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اسکول منظور کرنے، تلنگانہ یونیورسٹی میں فارمیسی کالج کے قیام، نظام آباد شہر کے لیے آؤٹر رنگ روڈ (او آر آر) کی منظوری اور شہر میں ماسٹر پلان پر مؤثر عمل درآمد کی درخواست کی۔ انہوں نے کلا بھارتی کے زیر التوا بلوں کی منظوری کا بھی مطالبہ کیا۔ دھن پال سوریہ نارائنا نے راجارام اسٹیڈیم کی تعمیر، قدیم کلکٹریٹ میدان میں سنتھیٹک ٹریک سے مزین اسٹیڈیم کے قیام اور انڈور اسٹیڈیم کی منظوری کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے تاریخی و مذہبی اہمیت کے حامل قلعہ رامالائم کو ترقی دینے کے ساتھ اسے محکمہ مال سے محکمہ اوقاف کے حوالے کرنے کی درخواست بھی پیش کی۔ اسی طرح ضلع سرکاری جنرل اسپتال میں ضروری مرمتی کاموں اور بنیادی سہولتوں کی ترقی کے لیے فنڈس جاری کرنے، مادھو نگر ریلوے اوور برج (آر او بی) کے لیے ریاستی حکومت سے فنڈس منظور کرتے ہوئے تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے اور نظام آباد شہر کے بس اسٹینڈ کو جدید خطوط پر ترقی دیتے ہوئے مسافرین کو بہتر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی وزیر اعلیٰ سے خواہش ظاہر کی۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ ان ترقیاتی کاموں کی منظوری سے نظام آباد اربن حلقہ میں بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے اور عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔