حکومت کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 5 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کانچہ گچی باؤلی اراضی تنازعہ کے تعلق سے سوشل میڈیا میں وائرل جعلی تصاویر اور ویڈیوز پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ واضح رہیکہ اس اراضی کیلئے ایچ سی یو طلبہ احتجاج کررہے ہیں۔ طلبہ کے احتجاج کے ساتھ ماحولیات کو نقصان پہنچانے سے متعلق فرضی ویڈیوز اور تصاویر کے ساتھ سوشل میڈیا میں تحریک چلائی جارہی ہے۔ حکومت کی نیک نامی کو متاثر کرنے والی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا میں پوسٹ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی، جس کے بعد سائبر سیکوریٹی بیورو کے عہدیدار نقلی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنے والوں کی شناخت کرنے میں مصروف ہوگئے۔ چند لوگ نقلی ویڈیوز اور تصاویر تیار کرکے اس کی سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے کی نشاندہی کی گئی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اس کے اصل سرغنہ اور جھوٹی تشہیر میں شامل ہونے والوں کو ہرگز معاف نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ جے سی بیز کے ذریعہ جب کام جاری تھا اس وقت مور اور ہرن کی جانب سے اپنی جان بچانے کیلئے ایک جگہ سے دوسری جگہ دوڑنے سے متعلق ویڈیوز مارفنگ کرتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے طلبہ کے احتجاج کے موقع پر انہیں گرفتار کرتے وقت بھی جعلی ویڈیوز سوشل میڈیا میں چلانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں اور ان کے ساتھ چند طاقتوں نے حکومت کو بدنام کرنے کیلئے اس کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی سائبر کرائم ٹیموں کی ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے۔ تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے جھوٹی تشہیر کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔2