چیف منسٹر ریونت ریڈی کی آج دعوت افطار، 9 ہزار مدعوئین

   

500 یتیم بچے اور اقامتی اسکول کے ایک ہزار طلبہ مہمان، 5 علیحدہ بلاکس کی تشکیل، بھٹی وکرامارکا نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے کل 15 مارچ کو لال بہادر اسٹیڈیم میں دعوت افطار کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ 9 ہزار مدعوئین کیلئے 5 علیحدہ بلاکس میں وسیع تر انتظام کئے گئے جس کا آج ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور حکومت کے مشیر برائے اقلیت محمد علی شبیر نے عہدیداروں و صدورنشین کے ساتھ جائزہ لیا۔ بھٹی وکرامارکا اور محمد علی شبیر نے اسٹیڈیم کے مختلف بلاکس کا دورہ کرکے عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ اُنھوں نے واضح کیاکہ انتظامات میں کوتاہی قبول نہیں کی جائیگی۔ حکومت نے 9 ہزار مدعوئین کا انتظام کیا ہے تاہم کھانے کیلئے 11 تا 12 ہزار افراد کا انتظام رہے گا۔ علماء مشائخین، اہم شخصیتوں، عوامی نمائندوں، سیاسی قائدین و کارکنوں کے علاوہ پہلی مرتبہ اقلیتی اقامتی اسکولوں کے ایک ہزار طلبہ کو دعوت افطار میں مدعو کیا جارہا ہے۔ انیس الغرباء اور دیگر یتیم خانوں کے 500 بچوں کو خصوصا مدعو کیا گیا جن سے ملاقات کرکے چیف منسٹر ریونت ریڈی تحائف پیش کریں گے۔ اقامتی اسکولوں کے ایک ہزار طلبہ کیلئے خصوصی گوشہ تیار کیا گیا۔ ریونت ریڈی اسٹیڈیم آمد کے فوری بعد یتیم بچوں و اقامتی اسکولس طلبہ سے ملاقات کریں گے۔ 5 علیحدہ بلاکس میں نماز مغرب کا انتظام رہے گا اور امام حضرات کا تعین کردیا گیا ہے۔ اسٹیج پر علماء مشائخین اور اہم شخصیتوں کی نشستوں کا انتظام رہے گا۔ قرأت کلام پاک سے کارروائی کا آغاز ہوگا۔ انچارج وزیر اور ڈپٹی چیف منسٹر کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی خطاب کریں گے۔ دُعا کے بعد افطار کا اہتمام رہے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے میڈیا کو بتایا کہ کانگریس کی سیکولر حکومت تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ محمد علی شبیر نے علماء مشائخین کیلئے خصوصی انتظامات کی ہدایت دی اور کہاکہ ہر بلاک میں کھانے کا مینو ایک رہیگا ۔ اہم شخصیتوں اور مدعوئین کیلئے ایک ہی مینو سربراہ کیا جائیگا۔ صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، صدرنشین اُردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبیداللہ کوتوال، صدرنشین حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور، کانتی ویزلی آئی اے ایس، مشرف فاروقی آئی اے ایس، اقلیتی قائدین فہیم قریشی، محمد فیروز خان، سمیر ولی اللہ کے علاوہ جی ایچ ایم سی، پولیس، واٹر ورکس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔ 1