سدی پیٹ کے کینسر سے متاثرہ شخص کو علاج کیلئے جملہ 12 لاکھ روپئے کی منظوری
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سدی پیٹ سے تعلق رکھنے والے غریب شخص کے کینسر کے علاج کے لیے چیف منسٹر ریلیف فنڈز سے سات لاکھ روپئے کی منظوری دی اور مکتوب حوالے کیا ۔ 35 سالہ سائی چرن بلڈ کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں ۔ انہیں اہلیہ کے علاوہ 6 سالہ سوجنیہ اور دو سالہ سومیہ دختراں ہیں ۔ والدین رامو اور سنیتا بھی ان کے ساتھ مقیم ہیں ۔ یہ غریب خاندان سائی چرن کے علاج کے لیے درکار رقم کے انتظام سے قاصر ہے ۔ علاج کے لیے اس خاندان نے اپنا مکان بھی فروخت کردیا ۔ باوجود اس کے درکار رقم کا انتظام نہیں ہوسکا ۔ حال ہی میں اس خاندان نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو بپتا سنائی تھی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سائی چرن کے علاج کے لیے 5 لاکھ روپئے منطور کئے جس کے ذریعہ بسوا تارکم کینسر ہاسپٹل میں اسٹیم سیل ٹرانسپلانٹیشن کیا گیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرض کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے مزید سات لاکھ روپئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے منظور کئے ۔ رقمی منظوری کا مکتوب سائی چرن کے حوالے کیا گیا ۔ امدادی رقم سے علاج کے بعد افراد خاندان کے ہمراہ سائی چرن نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے سکریٹریٹ میں ملاقات کی اور اظہار تشکر کیا ۔ چیف منسٹر نے انہیں حوصلہ دیا اور عاجلانہ صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔۔ 1